کراچی: ملک کے مختلف شہروں میں حج درخواستوں کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہوگا جو 6 مارچ تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد سے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہوگا۔
درخواست گزاراپنے فارم 6 مارچ تک بینکوں میں جمع کراسکتے ہیں جبکہ درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی۔
سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں حبیب بینک لمیٹڈ،یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، مسلم کمرشل بینک، الائیڈ بینک لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح ،میزان بینک اور حبیب میٹرو بینک کی شاخوں میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔
وزارت مذہبی امورنے حج پالیسی 2019 جاری کردی
حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار975 روپے مقرر کیے گئے ہیں اور حاجیوں کو قربانی کے لیے 19 ہزار 451 روپے الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔
سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور نجی اسکیم کے تحت 71 ہزار 684 عازمین حج کے لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ نئی حج پالیسی کے مطابق 2014 سے 2018 کے دوران حج کرنے والے حاجی رواں سال دوبارہ حج ادا کرنے کے اہل نہیں ہوں گے جبکہ عازمین کو پی آئی اے، سعودی ایئرلائن اور ائیربلیو کے ذریعے حجازمقدس روانہ کیا جائے گا۔