کراچی : کالعدم تنظیمیں فنڈنگ کے لیے کراچی کے بینک لوٹ رہی ہیں، قانون نافذ کرنے والوں نے تحقیقات کا آغاز کردیا، سال کی تین بینک ڈکیتیوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کالعدم تنظیمیں اپنی فنڈنگ کے لیے بینک ڈکیتیوں کا سہارا لیتی ہیں، اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں بینک لوٹنے میں کالعدم تنظیمیں ملوث قرار دیا ہے، 22 روز میں دو بینک لوٹے گئے، رواں سال تین بینک لوٹے، قانون نافذ کرنے والوں نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈکیتیوں میں کالعدم تنظمیں ملوث ہیں، ڈکیتیاں کالعدم تنظمیوں کی فنڈنگ کے لیے کی جارہی ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق تینوں بینک ڈکیتیاں ماہرانہ انداز سے کی گئیں۔
سال کی پہلی ڈکیتی گذری کے علاقے میں پنجاب چورنگی کے قریب کی گئی جس میں 10 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹی گئی، دوسری ڈکیتی راشد مہناس روڈ پر کی گئی اور منٹوں میں 12 لاکھ روپے بینک سے غائب کردئیے گئے۔
سب سے زیادہ رقم نارتھ ناظم آباد کے بینک میں ہونے والی ڈکیتی میں لوٹی گئی جس میں ڈاکو72 (بہتر) لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے، تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ڈکیتیوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے تاہم کسی بینک ڈکیتی کا کوئی ملزم ابھی تک پکڑا نہیں گیا۔