لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے سوشل میڈیا پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو ڈھائی سال قید کی سزا سنادی اور 50 ہزار جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور انسداد دہشت گردی عدالت میں سوشل میڈیا پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے مجرم حنان عبداللہ کو ڈھائی سال قید کی سزا سنادی اور 50 ہزار جرمانہ عائد کردیا۔
مجرم جو کہ ضمانت پر تھا، فیصلہ سنائے جانے کے بعد اسے عدالت سے گرفتار کر لیا گیا اور فاضل جج نے مجرم کو کوٹ لکھپت جیل حکام کے حوالے کر دیا۔
ایف آئی اے نے مجرم کے خلاف 2022 میں مقدمہ درج کیا تھا، پراسیکیوٹر نے کہا کہ مجرم حنان عبداللہ سوشل میڈیا پر بم بنانا سیکھ رہا تھا اور فیس بک کے ذریعے دہشت گردوں اور کالعدم تنظیم سے رابطے بھی قائم کیے تھے۔
ایک پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ریکارڈ پر دستیاب ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزم کو سزا سنائی جائے۔