بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے کانوائے قریب بارودی مواد کا دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے، دھماکا تھانہ ڈومیل کی حدود منگل میلہ کے قریب ہوا۔
پولیس کے مطابق بنوں میں نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کنارے بارودی مواد نصب کیا تھا، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 13 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 5 کارروائیاں کی اس دوران 13 خوارج ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسزنے ڈی آئی خان کے علاقے کھلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران سرکردہ خوارج شاہ گل عرف روحانی سمیت 5 خوارج مارے گئے، شمالی وزیرستان میں دوسالی اور ٹپی میں جھڑپوں کے دوران 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں 2 خوارج مارے گئے۔
ضلع خیبر کے علاقے بآغ میں کارروائی کے دوران ایک خارجی مارا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا بتانا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
اراضی کے تنازعہ پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقوں میں ممکنہ خارجیوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔