بنوں : پولیس اور سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ ایک گرفتار ہوا، دونوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پولیس جیسے ہی مذکورہ علاقے میں پہنچی تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، پولیس اور سی ٹی ڈی جوانوں نے دہشت گردوں کیخلاف جوابی فائرنگ اورمقابلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوا اور ایک کوگرفتارکرلیا گیا جبکہ دہشت گرد ارشاد عرف حمتی زخمی حالت میں رات کی تاریکی میں فرار ہوگیا۔
ہلاک اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق خافظ گل بہادر گروپ سے ہےاور فرار دہشت گرد ارشاد کی تلاش جاری ہے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ کارتوس اور موبائل فون بھی برآمد ہوا، پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی سہولت کاروں کی پہچان کرلی گئی ہے اور جلد ہی ان پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔
دہشت گردوں نے گزشتہ روز پولیو ٹیم کیساتھ ڈیوٹی پر مامور پولیس موبائل پر فائرنگ کی تھی جبکہ کچھ دن قبل تھانہ خرم کرک اور پولیس چوکی سپینہ تنگی حملے میں بھی ملوث تھے۔