لاہور : اردو کی مقبول و معروف ناول نگار بانو قدسیہ اپنے آخری سفر پر روانہ ہوگئیں، بانو آپا کو نماز جنازہ کے بعد ماڈل ٹاؤن قبرستان میں سپرخاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دوسرا داستان گو بھی داستان سرائے چھوڑ گیا، اردو ادب کا ایک اور باب اپنے اختتام کو پہنچا، راجہ گدھ، امربیل سمیت دیگرشاہکار ناولوں اور 28 کتابوں کی مصنفہ بانو قدسیہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
مرحومہ کو ماڈل ٹاؤن لاہور کے قبرستان میں ان کے شوہر اشفاق احمد کے پہلو میں آہوں اور سسکیوں میں سپر خاک کیا گیا، نماز جنازہ اور تدفین میں بانو آپا کے رشتہ داروں، فنکاروں، علمی ادبی حلقوں کی معروف شخصیات اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں : اردو ادب کی معروف مصنفہ ’’بانو قدسیہ‘‘ انتقال کرگئیں، اہم شخصیات کا اظہار افسوس
بانو آپا نے سوگواران میں 3 بیٹے چھوڑے ہیں۔ بانو قدسیہ گزشتہ روز طویل علالت کے بعد اٹھاسی سال کی عمر میں لاہور کے ایک مقامی اسپتال میں اس دار فانی سے کوچ کر گئیں تھیں۔