کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی نےجام کمال کو آئندہ وزیراعلیٰ جبکہ عبدالقدوس بزنجو کو اسپیکر اسمبلی کے لیے نامزد کرنے کا حتمی اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما منظور کاکڑ کا کہنا تھا کہ وزارتوں اور عہدوں کے لیے دیگر جماعتوں کے ساتھ ناموں پر مشاورت جاری ہے جس کی صورتحال 2 سے تین روز میں واضح ہوجائے گی‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’صوبے کے اگلے وزیر اعلیٰ کے لیے جام کمال جبکہ اسپیکر کے لیے عبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا گیا کیونکہ جان جمالی اسپیکر کے عہدے سے پیچھے ہٹ گئے‘۔
منظور کاکڑ کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلے کیے وہ بلوچستان اور عوامی ترقی کے لیے ہی کیے، عمران خان نےمسائل کےحل کرنے کے لیے اپنے اور وفاقی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف اور بی اے پی کا بلوچستان میں اتحادی حکومت پر اتفاق
اُن کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بعد ہی ناراض بلوچ قومی دھارے میں واپس آئے،ملکی سالمیت کو تسلیم کرنے والوں سے ہی مذاکرات ہوں گے، آج وہ لوگ ضرور ناراض ہیں جن کے پاس پانی اور تعلیم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے صوبے میں حکومت سازی کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت اور اُن کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا تھا جبکہ ایک روز قبل بلوچستان نیشنل پارٹی نے وزیر اعلیٰ کے لیے جام کمال کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔