دبئی : اماراتی حکام نے ماحولیاتی نظام کی حفاظت کےلیے متحدہ عرب امارات کے اہم سیاحتی مقام پر ’بار بی کیو‘ بنانے پر پابندی لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے اتوار کے روز جاری بیان میں کہا کہ سیاحتی مقام جبل حفیط کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی بارہا خلاف ورزی کے بعد مذکورہ علاقے میں ’بار بی کیو‘ پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔
میونسپلٹی حکام کا کہنا ہے کہ سیاح پہاڑوں پر بیٹھنے کےلیے لگائی گئی بینچوں اور لکڑی کی کرسیوں کو ’بار بی کیو‘ تیار کرنے کےلیے نذر آتش کردیتے ہیں جبکہ پارکنگ ایریا میں بار بی کیو تیار کرنے کےلیے کوئلے اور کچرے کا استعمال کرتے ہیں جس کی صفائی انتظامیہ کے لیے انتہائی مشکل ہوجاتی ہے۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریاست دبئی اور راس الخیمہ کے حکام کی جانب سے بار بی کیو بنانے اور آگ لگانے کےلیے کچھ قوانین متعارف کروائے گئے ہیں جس کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کو موسم سرما میں اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ’بار بی کیو‘ پارٹی کرنے کی اجازت ہے تاہم حکام کا کہنا تھا کہ بار کیو پارٹی ملک بھر کے پارکوں میں مخصوص کی گئی جگہوں پر ہی بار کیو پارٹی کی جاسکتی ہے۔
اماراتی حکام نے واضح کیا کہ سیاحوں کو عوامی ساحلوں اور مقامات پر ’بار بی کیو‘ تیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔