کراچی: شہر قائد میں میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہو چکا ہے، ایک اور واردات میں لٹیروں نے بے خوفی سے حجام کی دکان لوٹ لی ہے۔
کراچی کے علاقے محمود آباد گيٹ کے قریب دو لٹیروں نے حجام کی ایک دکان لوٹ لی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، وائرل ہونے والی اس فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔
فوٹیج کے مطابق شلوار قمیض میں ملبوس 2 لڑکے دکان میں داخل ہوئے، ایک نے دکان میں داخل ہوتے ہی شہریوں پر اسلحہ تان لیا، جب کہ دوسرا ساتھی دکان میں موجود افراد سے لوٹ مار کرتا رہا۔
لٹیروں نے دکان دار اور بال بنوانے کے لیے آنے والوں کو چند منٹوں میں لوٹ لیا، مسلح ڈاکو شہریوں سے موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوئے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیروں کو واضح طور پر شناخت کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود تاحال یہ لٹیرے پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں اس طرح کی لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، پستول کے زور پر کوئی بھی شخص کہیں بھی نقدی اور موبائل سے محروم ہو سکتا ہے، لٹیرے راہ چلتی خواتین اور موٹر سائیکل پر موجود فیملیز کو بھی نہیں چھوڑتے، ان سے بھی زیورات تک اتروا کر لے جاتے ہیں۔