اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے احتجاج میں سینکڑوں اموات کی فیک نیوز سے لاتعلقی کا اظہار کردیا اور بتایا کہ بانی کو معلوم ہی نہیں کہ 26 نومبر کو اسلام آباد میں کیا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فائنل کال کے بعد آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی سے احتجاج اور ہونے والے واقعے پر بات ہوئی۔
جو لوگ باہر نکلے بانی پی ٹی آئی نے انہیں خراج تحسین پیش کیا، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے قومی اسمبلی کے اجلاس میں جائیں اور قومی اسمبلی ، سینیٹ میں یہ بات اٹھانی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے احتجاج میں سینکڑوں اموات کی فیک نیوز سے بھی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بانی کو معلوم ہی نہیں کہ چھبیس نومبر کو اسلام آباد میں کیا ہوا۔
انھوں نے بتایا کہ پنجاب کےایم این اے ،ایم پی اے مشکل دور سے گزرے ہیں تاہم آگے کےلائحہ عمل کا اعلان بانی پی ٹی آئی بعد میں کریں گے۔
انھوں نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سےمتعلق غلط خبر چل رہی تھی، بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں بالکل ٹھیک ہیں۔
واضح رہے اسلام آباد میں احتجاج ختم ہونے کے بعد متعدد پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے کارکنوں کی اموات سے متعلق متضاد دعوے کیے گئے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پریس کانفرنس میں سیکڑوں کارکنوں، لطیف کھوسہ نے 278 کارکنان، سلمان اکرم راجا نے 20، شعیب شاہین نے 08 کارکنوں کی اموات کے اعداد و شمار مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیے تھے۔