اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بانی سے ملاقات نہ کروانا مناسب نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت سیکولرازم ہونے کا کا ڈھونگ رچا رہا ہے، 1947 سے اب تک وہ پاکستان کو دھمکیوں اور الزامات کے سوا کچھ نہ دے سکا، انڈیا کا مقابلہ کرنے کیلیے پوری قوم کو متحد ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ہمیشہ بھرپور جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب جماعتوں اور قوم کو یکجا کر کے بھارت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: منگل کو بانی پی ٹی آئی سے فیملی اور وکلا کی ملاقات ہونے کی امید ہے، بیرسٹر گوہر
عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بارے میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود بانی سے فیملی اور وکلا کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی، ملاقات نہ کروانے پر ہم دوبارہ عدالت جائیں گے۔
گزشتہ روز وکلا فیصل چوہدری، محمود جوئیہ، عثمان گل، ہارون نواز، ظہیر عباس کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملی تھی تاہم بیرسٹر گوہر، سلمان صفدر اور ابو زر سلمان نیازی، نعیم پنجوتھا، نیاز اللہ نیازی کو اجازت نہیں ملی تھی۔
اس سے چند روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ منگل کو عمران خان سے فیملی اور وکلا کی ملاقات ہونے کی امید ہے۔
بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے ملاقات ہوئی جس میں ہم نے اپنی تمام گزارشات ان کے سامنے رکھی ہیں، علیمہ خانم نے تفصیل سے فیملی ملاقاتوں سے متعلق بتایا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو بتایا کہ کتنے عرصے سے ملاقات نہیں ہو رہی، عمران خان سے ملاقات کروانے کیلیے قائم مقام چیف جسٹس کو استدعا کی ہے، ان سے ملاقات کے بعد ایک امید پیدا ہوگئی ہے، توقع ہے منگل کو فیملی اور وکلا کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے۔