اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ منگل کو بانی پی ٹی آئی سے فیملی اور وکلا کی ملاقات ہونے کی امید ہے۔
بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ہم نے اپنی تمام گزارشات ان کے سامنے رکھی ہیں، علیمہ خانم نے تفصیل سے فیملی ملاقاتوں سے متعلق بتایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست خارج
انہوں نے کہا کہ ہم نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو بتایا کہ کتنے عرصے سے ملاقات نہیں ہو رہی، عمران خان سے ملاقات کروانے کیلیے قائم مقام چیف جسٹس کو استدعا کی ہے، ان سے ملاقات کے بعد ایک امید پیدا ہوگئی ہے، توقع ہے منگل کو فیملی اور وکلا کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے۔
قبل ازیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج پارلیمنٹیرینز نے پارلیمنٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ تک واک کی جس کا مقصد ہے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے کیسز کو میرٹ دیکھا جائے، پی ٹی آئی کے چند وکیل ہائیکورٹ جائیں گے اور یادداشت پیش کریں گے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان یوم تاسیس پروگرام خیبر پختونخوا ہاؤس میں شرکت کریں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کریں گے عمران خان سے ملاقات کو یقینی بنائیں۔
دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی تھی۔
جسٹس راجہ انعام نے صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی درخواست پر سماعت کی تھی تاہم درخواست گزار کی جانب سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست عدم پیروی کے باعث خارج کی تھی۔
دوسری جانب، 18 اپریل 2025 کو عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے علی بخاری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔