جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

آئینی ترامیم پر بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق آگے بڑھیں گے، بیرسٹر گوہر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے واضح کیا ہے کہ آئینی ترامیم کے معاملے پر بانی کی ہدایت کے مطابق آگے بڑھیں گے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی جبکہ 26ویں آئینی ترامیم سے متعلق ہماری ملاقاتیں ابھی جاری ہیں۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم نے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا تھا اور کل اس نتیجے پر پہنچ گئے تھے کہ اتفاق رائے ہو جائے گا، آج بھی آئینی ترامیم میں شامل شقوں پر مولانا فضل الرحمان سے طویل گفتگو ہوئی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ خبر آئی ہے کہ خصوصی کمیٹی میں بھی آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری دی گئی، آج حکومت کا چوتھا ڈرافٹ ملا ہماری میٹنگ جاری تھی کہ خبر آئی کمیٹی نے منظوری دے دی، ہماری بات چیت ابھی بھی جاری ہے کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے آئینی ترامیم کا مسودہ منظور کر لیا

ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق ہی آگے بڑھیں گے، 2 ہفتے سے زائد وقت ہوگیا لیکن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آج ہم درخواست دیں گے اور کل بانی سے ملاقات کی کوشش کریں گے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو بات ہوئی ہے ان کے ساتھ اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے وہی ڈرافٹ منظور کیا ہے جس پر مولانا فضل الرحمان سے بات ہو رہی تھی، بانی جو ہدایت کریں گے اس کے مطابق ہی آگے بڑھیں گے۔

بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پر بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوئی لیکن ڈرافٹ پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں