اتوار, اکتوبر 20, 2024
اشتہار

پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا کوئی امکان نہیں، بیرسٹر گوہر

اشتہار

حیرت انگیز

بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائرکریں گے، پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا کوئی امکان نہیں۔

پروگرام خبر میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا پورا ایک تنظیمی ڈھانچہ ہے۔ فوری انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائیں گے پہلے نظرثانی درخواست دیں گے۔ سپریم کورٹ سے ہمیشہ انصاف کی توقع کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تحریک انصاف کو دیوار سے لگایا گیا، عوام کا نقصان کیا گیا۔ مطالبہ کرتا ہوں اب سیزفائر ہونا چاہیے اور عوام کی آواز سننی چاہیے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن آئین کے مطابق ہوئے تھے اور شفاف اندازمیں کرائے گئے تھے۔ انتخابی نشان نہیں ملا تو اس کا مطلب پارٹی تحلیل نہیں ہوئی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ منتخب پارٹی چیئرمین ہوں، سپریم کورٹ کا بینچ تبدیل کرنے یا چیف جسٹس پر اعتراض نہیں کریں گے۔ کوئی بھی بینچ بن جائے یا چیف جسٹس خود بھی ہوں اعتراض نہیں کریں گے۔ عدلیہ میں کسی پر تنقید یا عدم اعتماد کا اظہار نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ گلے شکوے ہمارے زیادہ ہیں لیکن کسی جج پر تنقید نہیں کی۔ سپریم کورٹ کے تمام ججز کو برابر سمجھتے ہیں اور اعتماد کرتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ججز پر حملے نہیں کرتی، مہمات یا ٹرولنگ نہیں کرتی۔ ماضی میں مریم نواز ججز سے متعلق کیا کہتی تھی سب کے سامنے ہے۔ فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کے سامنے جلوس کھڑا کرکے ججز کو دھمکیاں دیں۔

پی ڈی ایم اتحادی حکومت نے تو ججز کیخلاف پارلیمان تک کو استعمال کیا۔ پی ٹی آئی نے کسی کو ہدایت نہیں کی کہ سوشل میڈیا پر مہم چلائیں۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ماضی میں جن ججز کیخلاف مہم چلائی گئی اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ پی ٹی آئی نظریاتی کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہوا تھا جس پر دستخط بھی موجود ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں اتحاد ہوتے رہتے ہیں اس میں غلط بات کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج بھی سندھ میں جی ڈی اے کےٹکٹ پر ن لیگ کے امیدوار لڑرہے ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ صرف پی ٹی آئی کو ہی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آزاد امیدوار منتخب ہو کر پی ٹی آئی میں آتے ہیں تو مخصوص نشستیں مل جائیں گی۔ کسی ممبر سے کوئی حلف نہیں لیا ضمیر پر چھوڑا ہے۔ سخت حالات میں بھی لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں تو بڑی بات ہے۔ لوگ ہمارے ساتھ نہیں اس نظریے، جدوجہد کیساتھ ہیں جو شروع کی۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جن حالات سے گزری ہے لوگ آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ ماضی کی نسبت اس مرتبہ 80 فیصدعوام کی سپورٹ پی ٹی آئی کیساتھ ہے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ مریم نواز لاڈلی ہیں اور لاڈلے کی بیٹی ہیں ان کی گفتگو کی مذمت کرتا ہوں۔ مریم نواز نے سپریم کورٹ کیخلاف سخت گفتگو کی کسی نے کچھ نہیں کہا۔ مریم نواز سمجھتی ہیں ان کو سب کچھ وراثت میں ملا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مریم نواز سمجھتی ہیں ان کو سب کچھ فری میں ملےگا۔ مریم کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، مقابلہ کریں گے۔ مریم نواز کو جن لوگوں کی سپورٹ ہے وہ ہٹ جائے تو ایک نشست نہ ملے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کی بات آئی تو بھرپور دفاع کریں گے۔ پی ٹی آئی پر پابندی کی بات آئی تو فل کورٹ بیٹھے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے ہی سپریم کورٹ میں گئے تھے۔ بطور صدرعارف علوی سے کہا ہے شفاف الیکشن کیلئے آئینی کردار ادا کریں۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ جمہوریت میں اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے۔ پارٹی میں اختلاف رائے کو پارٹی میں ہی رکھنا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں