اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جب کسی مسئلے میں دلچسپی لیتا ہے تو مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بارعالمی برادری نے مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی سے بات کی، امید ہے مسئلہ کشمیر صحیح طریقےسے اجاگر ہوگا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اس جنگ کے بعد عالمی برادری کا نقطہ نظر مختلف ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ جب دلچسپی لیتے ہیں تو اس کا مطلب کافی ہوتاہے، کوشش کرنی چاہئے اس مسئلے کا ضرور کوئی حل نکل آئے۔
یاد رہے امریکی صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان اوربھارت کے ساتھ مل کرکام کروں گا اور دیکھوں گا کیا ‘ہزاروں سال بعد’ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔