اسلام آباد : مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایسے لوگ ملنے آتے ہیں جن کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطےہیں ، مگر بانی کلیئر ہیں وہ سمجھوتا نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خیبرپختونخواحکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو عمران خان سے بیک ڈور رابطوں سے متعلق سوال پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی بتاتے ہیں ان سے پس پردہ بات چیت ہوتی ہے، بانی سے ایسے لوگ ملنےآتےہیں جن کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہیں۔
ترجمان کےپی حکومت کا کہنا تھا کہ عمران خان سے جو میری بات ہوئی وہ کلیئرہیں پیشکش قبول نہیں کریں گے ، انھوں نے کہا اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کروں گا ڈیل ہوئی تو چھپ کر نہیں ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ ہرجماعت میں ایسے لوگ ہوتےہیں جو وکٹ کےدونوں طرف کھیلتے ہیں، حکومت مذاکرات سے زیادہ تحریک انصاف اور بانی کو انگیج کرنا چاہتی ہے اور کچھ نہیں، وفاقی حکومت کے اقدامات دیکھیں تو ان کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
ن لیگی رہنما کے بیانات کے حوالے سے صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ ایاز صادق مذاکرات لیڈ کرتے ہیں تو خواجہ آصف اور عطا تارڑ زہر اگلتے ہیں، وفاقی حکومت یا ن لیگ کو خود پر اعتماد نہیں اور یہ اسی کا اظہار کرتےہیں۔
ترجمان کےپی حکومت نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو 26 نومبرکو میں نے اور بیرسٹر گوہر نے بتایا سنگجانی کا کہا جا رہا ہے ، جس پر بانی نے کہا ٹھیک ہے سنگجانی میں کرلیں تو میں نے یہی میسج علی امین گنڈا پور کو دیا، جس پر علی امین نےکہا بشریٰ بی بی کہہ رہی ہیں میں یہ بات نہیں مانتی۔
عمران خان سے متعلق خبریں
مشیر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو حکومت کافی دباؤ میں تھی اگر تجویز مان لیتے تو دباؤ مزید بڑھ جاتا۔
دہشت گردی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا تعلق قومی پالیسی سے ہے تو اس کا دائرہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، دہشت گردی میں بیرونی عناصرزیادہ ہیں جن میں افغانستان،بھارت ودیگرشامل ہیں۔
افغانستان سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے تعلقات کی خرابی کو وفاقی حکومت کی انتہائی غلط پالیسی سمجھتاہوں، وفاقی حکومت کو چاہیےافغانستان سےتعلق بہترکرےتاکہ ہمیں آسانی ہو، وفاق نہیں کرے گا تو ہم کوشش کریں گے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں، مریم چین جا کر معاہدے کر سکتی ہیں تو کے پی وزیراعلیٰ بھی افغانستان سے بات کاحق رکھتا ہے۔