پشاور: حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم تنازع کے حل کیلئے دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوہاٹ میں کرم تنازعے کے حل کے لیے جرگہ رات گئے تک جاری رہا جس میں دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا تاہم صرف چند نکات پر مشاورت کے لیے ایک فریق نے 2 دن کا وقفہ مانگا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد دو دن کا وقت دے دیا ہے، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، کےپی حکومت تنازع کے مستقل اور پائیدار حل کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعلیٰ اور گرینڈ جرگے کی کوششوں سے تنازع حل ہونے کے قریب ہے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر کوہاٹ سمیت پوری انتظامیہ تنازع کے خاتمے، مستقل امن کیلئے کوششیں کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے امدادی کارروائیوں کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے، ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔