راولپنڈی / لاہور : پتنگ بازی کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے راولپنڈی میں پیراں فقیراں اور سکستھ روڈ میں 2 موٹر سائیکل سوارجاں بحق ہوگئے، دیگر حادثات میں تیئس افراد زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صورتحال کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق منچلوں نے بسنت پر پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے، راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود میں گلے پر دھاتی ڈورپھرنے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا۔ تھا نہ صادق آباد کی حدود میں دوسرا اٹھارہ سال کا نوجوان دھاتی ڈورمیں کرنٹ دوڑنے سےلقمہ اجل بنا۔
اس کے علاوہ راولپنڈی میں ہی ایک اورواقعے میں راول روڈ پرگولی لگنے سے حسا س ادارے کے آفیسر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوان کوبسنت کے موقع پر کی جانے والی فائرنگ کے دوران گولی لگی۔
پتنگ اڑانے کے دوران چھت سے گرنے سے 23 افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران چھتوں پرپتنگ بازی کے ساتھ اسلحے کا بھی کھلے عام استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے راولپنڈی میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ نے ایکشن لیتے ہوئے اے ایس پی صدر راولپنڈی اورایس ایچ او صدرکو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات نا قابل برداشت ہیں۔
انہوں نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پتنگ بازوں کیخلاف صوبے بھر میں سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا.
دونوجوانوں کی ہلاکت کے بعد راولپنڈی پولیس نے پتنگ فروشوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے پولیس نے کریک ڈاون میں دو سوسے زائد افرادکو حراست میں لے کرمقدمات درج کرلیے ہیں۔ گرفتار افراد سے 20 ہزارسے زائد پتنگیں اور پانچ سوڈوریں برآمد کی گئیں ہیں۔