سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ ہم نے ورلڈ کپ کی تیاری نہیں کی اور یہ کہتے رہے کہ ہمارا بولر نمبر ون ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ دوسری ٹیموں نے ورلڈ کپ کی تیاری کی اور دورہ پاکستان میں انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کیا لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا اور کہتے رہے کہ ہم نمبر ون ہیں ہمارا بولر نمبر ون ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم بنانی پڑتی ہے، چاہے کرکٹ بورڈ، بابر اعظم یا ٹیم مینجمنٹ ہو سب اس کے ذمہ دار ہیں۔
باسط علی نے کہا کہ اگر ہم سی ٹیم سے بھی ہار جاتے تو کچھ نہیں ہوتا پتا تو چل جاتا ہے کہ نوجوان کرکٹر کس طرح کھیل رہے ہیں۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ اب غلطی ہوگئی ہے تو آگے کی طرف بڑھنا چاہیے، ٹی 20 کا ورلڈ کپ ہے آپ کے پاس ٹی 20 کے بولر موجود ہیں اب جائیں ورلڈ کپ کی تیاری کریں۔
اظہر علی نے کہا کہ اگر ضرورت پڑنے پر عبداللہ شفیق اور سعود شکیل ٹیم میں آسکتے ہیں تو ہم کوئی اچھا اسپنر ساتھ لے کر کیوں نہیں گئے، ابرار بیٹھے ہوئے تھے، آپ کو ایشیا کپ اور افغانستان سے سیریز میں نظر آگیا تھا تو ہم تبدیلی کیوں نہیں کرسکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ بیٹر تبدیل کرسکتے ہیں تو ایک ڈیڑھ سال سے اسپنر کارکردگی نہیں دکھا رہے تو انہیں بھی تبدیل کرسکتے تھے۔