سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز میں بابر اعظم نہیں ہیں تو کراؤڈ بھی نہیں ہوگا۔
پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے جمعہ کو بنگلادیش کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے جو 28 مئی سے یکم جون تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں سابق کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔
ٹیم سے بابر کو ڈراپ کرنا باسط علی کو پسند نہیں آیا اور انہوں نے دعوی کیا کہ اس کے نتیجے میں بنگلا دیش سیریز کے دوران کم ٹرن آؤٹ ہوگا۔
یہ پڑھیں: شاہین بنگلادیش کیخلاف اسکواڈ کا حصہ کیوں نہ بن سکے، وجہ سامنے آگئی
بابر اعظم نے 2021، 2022 اور 2024 میں تین آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کی، آخری بار گزشتہ سال دسمبر میں مختصر ترین فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور اس کے بعد سے وہ ٹیم سے باہر ہیں۔
انہیں اس سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف گرین شرٹس کی حالیہ ٹی 20 سیریز میں بھی نظر انداز کیا گیا تھا۔
بابر نے اب تک 128 ٹی 20 میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، انہوں نے تین سنچریوں اور 36 نصف سنچریوں کی مدد سے 39.83 کی معقول اوسط سے 4223 رنز بنائے ہیں۔