ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

ڈیم فنڈریزنگ تقریب ، وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15 ہزار ڈالرز میں نیلام

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : کینیڈا میں ڈیم فنڈریزنگ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگیا ، فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ  دل کھول کر عطیات دینے پر اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

تفصیلات کےمطابق کینیڈا میں ڈیم فنڈریزنگ کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، فردوس عاشق اعوان اور سینیٹر فیصل جاوید موجود تھے۔

ڈیم فنڈریزنگ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا15 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگیا۔

لوگوں کےعطیات صرف ڈیم کی تعمیر پر خرچ ہوں گے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار


سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے تقریب سے خطاب میں کہا بیرون ملک پاکستانیوں میں بہت جذبہ ہے، وزیراعظم کو بتایا ڈیم کا نہ بننامجرمانہ غفلت ہے، تربیلا کے بعد پاکستان میں ڈیم نہ بننے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹینکر مافیا کے خلاف ازخود نوٹس لیا، مجھے فخر ہے ملکی سالمیت کے خلاف ازخود نوٹس کا استعمال کیا ، خوشی ہے وزیراعظم بھی ڈیم فنڈ کا حصہ بن گئے، لوگوں کےعطیات صرف ڈیم کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔

ڈیم کے لئے روزانہ ساڑھے5کروڑ روپے کی فنڈریزنگ ہورہی ہے، سینیٹر فیصل جاوید


سینیٹر فیصل جاوید نے کہاہم مشن کے لئے پاکستانیوں کی سخاوت قابل دید ہے، دل کھول کر عطیات دینے پر اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں، جوکہتےہیں ڈیم نہیں بنےگاانہیں بتاناچاہتاہوں ڈیم ضرور بنےگا، ڈیم کے لئے روزانہ ساڑھے5کروڑ روپے کی فنڈریزنگ ہورہی ہے۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا حکومت نے ڈیم تعمیر کے لئے17ارب روپے جاری کئے ہیں، عمران خان ناممکن کو ممکن بنانا جانتے ہیں، ڈیم ضرور بنے گا، چیئرمین واپڈا کے مطابق 20 مارچ کو مہمند ڈیم پر کام شروع ہوجائے گا، دیامر بھاشا ڈیم اس سال اکتوبر میں شروع ہو جائے گا۔

یاد رہے چندروز قبل سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے بیان میں کہا تھا ڈیم فنڈ میں عطیات 10 ارب تک پہنچ گئے ہیں ، ڈیم فنڈمیں حصہ ڈالنےپرقوم زبردست تحسین کی مستحق ہے، سپریم کورٹ اوروزیراعظم خصوصی شاباش کےمستحق ہیں۔

مزید پڑھیں : ڈیم فنڈ میں عطیات 10 ارب تک پہنچ گئے ہیں ، فیصل جاوید

سینیٹرفیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیامیں خیرات کرنےوالی اقوام میں سرفہرست ہے، اپنےلوگوں کےعزم کوخصوصی سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے قومی جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

انھوں نے کہا  تھا  ڈیم کیلئے1200 سے1300 ارب روپے چاہئیں، ڈیم صرف فنڈزسےنہیں جذ بےسے بنتے ہیں، ڈیم فنڈ کیلئے کمرشل فنانسنگ کی طرف بھی جارہے ہیں، ڈیم کی رقم 5 سے 9 سال میں پوری ہوجائےگی۔

بعد ازاں  وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر سے عوام کی جانب سے ڈیم فنڈ میں10 ارب روپے کے رقم جمع ہونے پر پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

خیال رہے فروری میں سنچورین میں ڈیم فنڈ ریزنگ میں 2 گھنٹے میں 3 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے جمع ہوئے تھے ، فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ میں پاکستانی کمیونٹی کےجذبےکوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، انشاءاللہ یہی جذبہ رہا تو ہم کئی ڈیم بنائیں گے۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں