کیپ ٹاؤن: قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اعتراف کیا ہے کہ ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں ہے اور سنچورین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد کچھ کھلاڑیوں کی جگہ خطرے میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنچورین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد بیٹنگ کوچ بھی ڈریسنگ روم کے ماحول پر خاموش نہ رہ سکے، گرانٹ فلاور نے اعتراف کیا کہ ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں ہے جبکہ کچھ کھلاڑیوں کی جگہ خطرے میں ہے۔
بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پلیئرز سے کچھ سخت الفاظ کہے مگر ان میں کچھ سچائی بھی تھی، امید ہے کھلاڑی ہیڈ کوچ کی باتیں چیلنج کے طور پر لیں گے۔
گرانٹ فلاور نے کہا کہ جو اندر کی خبریں باہر دے رہے ہیں انہیں خود کو آئینے میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، محمد عباس فٹ، محمد رضوان کی شمولیت کا امکان
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شکست پسند نہیں کرتا ہے، ٹیم سلیکشن میں میرا کوئی عمل دخل نہیں ہے مگر بہت سے کھلاڑیوں کے لیے خطرہ دکھائی دے رہا ہے تاہم ایک دو کھلاڑیوں پر انگلیاں نہیں اٹھائی جاسکتیں۔
فلاور نے اظہر علی کی جانب سے ڈین ایلگر کے کیچ کو تھرڈ امپائر کی جانب سے مسترد کرنے پر کہا کہ میرے خیال میں یہ ایک غلط فیصلہ تھا، فیلڈ امپائر جب بیٹسمین کو آؤٹ قرار دے چکا تھا تو ناکافی شواہد پر اس فیصلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنچورین ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔