لندن: بی بی سی کی ایک خاتون پریزنٹر کو اس وقت مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب لندن سے ترکیہ جاتے ہوئے پائلٹ نے انھیں فیملی سمیت طیارے سے اتار دیا۔
بی بی سی کی پریزینٹر 49 سالہ جارجی پالمر کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی بیٹی کی الرجی کی وجہ سے مسافروں سے مونگ پھلی نہ کھانے کی درخواست کی تھی، جس پر پائلٹ نے انھیں فیملی سمیت ترکی جانے والی پرواز سے باہر نکال دیا۔
جارجی کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا گیا، پائلٹ نے بیٹی کو الرجی ہونے کے باعث طیارے سے اتارا، جارجی کے مطابق انھوں نے طیارے کے عملے سے درخواست کی کہ اعلان کر دیں کہ جہاز میں کوئی مونگ پھلی نہ کھائے، کیوں کہ ان کی بیٹی کو اس سے الرجی ہے، اگر کسی نے طیارے میں مونگ پھلی کھائی تو میری بیٹی مر سکتی ہے۔
تاہم جب یہ بات پائلٹ کو پتا چلی تو وہ جارجی پر بھڑک اٹھے اور فوری انھیں طیارے سے باہر نکال دیا۔ جارجی پالمر بی بی سی پر موسم کی خبریں سناتی ہیں، وہ اپنے شوہر 48 سالہ نک سولوم، 12 سالہ روزی اور 14 سالہ اینی کے ساتھ لندن، گیٹوِک سے دالامان جا رہی تھیں۔
جارجی کے مطابق وہ مسافروں سے درخواست کر رہی تھیں کہ وہ مونگ پھلی نہ کھائیں، تاہم جب کپتان کو معلوم ہوا تو اس نے اس خاندان کے ساتھ اڑان بھرنے سے انکار کر دیا۔