بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو پاکستان کو دورہ پاکستان کے لیے حکومت سے منظوری مل گئی ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانچ ٹی 20 پر مشتمل ٹور کو آگے بڑھائے لیکن ابھی تک آفیشل لیٹر کا انتظار ہے جس کے جلد بھیجے جانے کی امید ہے۔
بی سی بی کے ایک اہلکار نے کھیلوں کی بین الاقوامی ویب سائٹ کو بتایا کہ ‘ہمیں (حکومت کی طرف سے) گرین سگنل مل گیا ہے حالانکہ ہمیں ابھی تک آفیشل لیٹر موصول ہونا ہے جس کی ہمیں توقع ہے لیکن جہاں تک میں جانتا ہوں حکومت نے اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہمیں آنے والے دورے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے دیں گے’۔
اہلکار کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے آفیشل لیٹر ملنے کے بعد ہم اپنے کھلاڑیوں سے بات کرنا شروع کر دیں گے کیونکہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے کچھ سیکورٹی وجوہات کی بناء پر سفر کرنے سے گریزاں ہیں۔
یہ پڑھیں: بنگلادیش بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے حکومت سے منظوری مانگ لی
واضح رہے کہ گزشتہ روز بی سی بی نے کہا تھا کہ وہ حکومت کی طرف سے کلیئرنس کا انتظار کر رہا ہے اور پھر پاکستان کا سفر کرنے سے پہلے کھلاڑیوں سے بات چیت کرے گا۔
ٹائیگرز اس وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مختصر دورے پر ہیں، جہاں وہ 17 اور 19 مئی کو دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گے۔
اس کے بعد بنگلہ دیش کو پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا تھا، جو اصل میں 25 مئی کو فیصل آباد میں شروع ہونا تھا، لیکن پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے ری شیڈول ہونے پر کرکٹ بورڈز کو شیڈول میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔