آسٹریلیا کے خلاف تاریخ ساز کامیابی پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے خزانے کے منہ کھول دیے۔
آسٹریلوی سرزمین پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے پر ایک جانب جب پوری دنیا سے بھارتی ٹیم کو مبارکبادیں مل رہی ہیں وہیں بھارتی بورڈ نے بھی پلیئرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نقد انعامی رقم مختص کی ہے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ انڈیا (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کی محنت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے 5 کروڑ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
بی سی سی آئی کے صدر سارووگنگولی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے مات دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی جس پر میں بے حد فخر ہے۔
آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست، سیریز بھارت کے نام
انہوں نے کہا کہ کپتان رہانے، روی شائستری سمیت تمام کھلاڑیوں اور اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان آسٹریلیا کو برسبین ٹیسٹ میں شکست دیتے ہوئے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی تھی، برسبین ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز دو ایک سے اپنی نام کی بھارت نے برسبین ٹیسٹ میں پہلی بار کینگروز کے خلاف فتح حاصل کی ہے جبکہ 33 سال بعد آسٹریلیا کو برسبین میں شکست ہوئی ہے۔