بھارتی بورڈ حکومتی دباؤ میں ایک مرتبہ پھر کھیل میں پھرسیاست لے آیا اور کہا کہ جو سرکار کہے گی ہم وہی کریں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے پہلگام واقعے کے بعد آئندہ پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔
راجیو شکلا نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری حکومت جو بھی کہے گی ہم کریں گے، ہم حکومت کے کہنے پرہی پاکستان سے سیریز نہیں کھیلتے اور آگے بھی نہیں کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سرکار جو کہے گی ہم وہی کریں گے، جہاں تک آئی سی سی ایونٹس کی بات ہے وہ آئی سی سی کے ہاتھ میں ہے لیکن اسے بھی موجودہ حالات کا بہتر علم ہے۔
پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب ، بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلگام کے سیاحتی مقام پر سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور پاکستانیوں کے سارک کے تحت ویزے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ تمام پاکستانیوں کے بھارتی ویزے کینسل کیے جارہے ہیں، بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
تاہم اب پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا اور واہگہ کے راستے سے بھارت سے تمام سرحدپار آمدورفت معطل کردی۔