کراچی: پاک بحریہ کی جانب سے تفریحی مقام منوڑہ کے ساحل پر صفائی اور شجر کاری مہم چلائی گئی، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے منوڑہ کے ساحل پر صفائی اور شجر کاری مہم چلائی، مہم کے دوران ساحل سے کچرا اٹھایا گیا اور شجر کاری کی گئی۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ صفائی مہم میں ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی شرکت، مہم کا مقصد شجر کاری اور صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہم کے دوران ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز
کموڈور وقار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے پوری ساحلی پٹی پر جنگلات کے احیا کا بیڑا اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں جنگلات کا انتہائی اہم کردار ہے، آبی ماحول کے تحفظ میں بھی جنگلات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔