سعودیہ میں ہونے والی بارشوں کے بعد موسم میں ہونے والی خوشگوار تبدیلی کے بعد العلا کے باشندے اور سیاح موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیر کے لیے گھروں سے نکل پڑے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق العلا میں کئی روز سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب یہاں کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
سیر و تفریح کے لئے جنگلات اور صحرائی علاقوں کا رخ کرنے والے مقامی شہریوں نے بتایا کہ ہمارا علاقہ متعدد پرکشش خوبصورت مقامات سے مالا مال ہے۔ العلا کمشنری جہاں تاریخی، ثقافتی اور تمدنی مقامات سے مالا مال ہے۔ یہاں ہزاروں سال پرانے آثار قدیمہ بھی موجود ہیں۔
العلا کے نخلستان اوربادلوں سے بغلگیر ہونے والے مقامات یہاں آنے والوں کو بہت زیادہ متاثر کررہے ہیں۔
محمد القاضی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ آبادی سے باہر سیر کے لیے جاتے رہتے ہیں۔ آج کل ہونے والی بارشوں کے بعد موسم کو چار چاند لگ گئے ہیں، جس سے ہم خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔
محمد الشھرانی کا کہنا تھا کہ اُن کا مقامی باشندوں کے ساتھ سیرو سیاحت کے لیے آنے افراد کو مشورہ ہے کہ درختوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں، باربی کیو پارٹیاں مقررہ مقامات پر ہی کریں۔
قدرتی مقامات کے دلفریب مناظر سے لطف اندوز ہوں تاہم ماحولیاتی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کچرا ادھر ادھر نہ پھینکیں۔