ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ وٹامن ای قوت مدافعت بڑھانے کے ساتھ ساتھ جلد اور بالوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے، یہ ایک ایسا وٹامن ہے جسے نہ صرف کھایا جا سکتا ہے بلکہ اسے خوب صورتی کے لیے بالوں اور جلد پر بھی لگایا جا سکتا ہے۔
وٹامن ای جلد، ناخن اور بالوں کے لیے فائدہ مند
وٹامن ای کا استعمال ہماری جلد، ناخن اور بالوں کے لیے بہت کارآمد ہے، اسے خوراک کی شکل میں لینا فائدہ مند تو ہے ہی لیکن اسے بالوں اور جلد پر بھی لگایا جا سکتا ہے، یہ چہرے سے بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے کے علاوہ ہائپر پگمینٹیشن کو بھی کم کرتا ہے۔
اگر آپ اس کا استعمال روزانہ کرتے ہیں تو آپ کے طویل وقت تک جوان نظر آنے کا امکان ہے، وٹامن ای کا تیل خشک جلد والوں کے لیے موئسچرائزر کی طرح کام کرتا ہے۔
استعمال کرنے کا طریقہ
وٹامن ای آئیل کلینزر کے طور پر بہت مؤثر ہے، وٹامن ای کے تیل کے چند قطرے کو چہرے پر لگا کر ہلکے ہاتھوں سے مالش کرنے سے جلد صاف اور ملائم ہو جاتی ہے، ساتھ میں یہ جلد کے کھلے سوراخوں میں موجود تمام گندگیوں کو دور کرتی ہے۔
یہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کے لیے بھی اچھا ہے، اس کے لیے رات کو سونے سے پہلے آنکھوں کے نیچے وٹامن ای کے تیل سے ہلکے ہاتھوں سے مالش کریں۔
کمزور اور خشک ناخن سے چھٹکارا پانے کے لیے وٹامن ای کے تیل کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
رات کو سونے سے پہلے جلد پر وٹامن ای کے تیل سے ہلکا مالش کرنا بہت فائدہ مند ہے، اسے سیدھے جلد پر لگایا جا سکتا ہے یا آپ اسے ایلو ویرا جیل کے ساتھ ملا کر پورے چہرے پر مالش کرنے کے بعد اسے دھو سکتے ہیں، امید ہے کہ آپ کو بہتر نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔
جلد پر داغوں کو ہلکا کرنے کے لیے وٹامن ای کے کیپسول کو سیدھا لگا سکتے ہیں، یہ کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتا ہے اور داغ دھبوں کو ہلکا کرتا ہے۔
گھر میں دن بھر کام کرنے سے اگر آپ کے ہاتھ خشک رہتے ہیں تو وٹامن ای کے تیل سے ہاتھوں میں ہلکی مالش کرنے سے آپ نمی کو واپس لا سکتے ہیں۔
وٹامن ای کیپسول سے تیل نکالیں اور اس میں تھوڑا سا شہد ملا دیں۔ جلد پر اس سے مالش کریں، لیکن آپ روزانہ سونے سے پہلے یہ کرنا نہ بھولیں تب ہی آپ کو بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔
وٹامن ای سے بھرپور غذائیں
سویا بین کا تیل، بادام، مونگ پھلی، ایواکاڈو، اخروٹ، سورج مکھی کے بیچ اور دیگر میوے، انڈے، شکرقند، پالک، سرسوں، شلجم، بروکولی، پپیتا، کدو اور پاپ کارن وغیرہ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔