تازہ ترین

کھیم سنگھ کی 45 کمروں والی چار منزلہ حویلی…

کلر سیداں کا علاقہ تاریخی اور تہذیبی اعتبار سے بڑا زرخیز رہا ہے۔ پنجاب کے اس علاقے کی کئی حویلیاں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں اور ہمارا قیمتی ورثہ ہیں۔ یہاں کا بیدی محل خاص طور پر مشہور ہے۔ اس کے علاوہ کرشنا مندر اور کلر تھانہ کی تاریخی عمارات بھی اہم ثقافتی ورثہ ہیں۔

آج ان کے اطراف کشادہ سڑکیں اور بلند و بالا جدید طرز کی عمارتیں بن چکی ہیں، لیکن ان حویلیوں کے در و دیوار اپنے طرزِ تعمیر کی انفرادیت اور مکینوں کی شان و شوکت کا ثبوت ہیں۔

اس علاقے میں قلعہ روات، دان گلی اور سنگنی میں گھرے کلر کے درمیان بابا کھیم سنگھ کی سترہ کنال پر پھیلی ہوئی حویلی تہذیب و ثقافت، آرٹ اور ہنر مندی کی ایک بیش قیمت یادگار کے طور پر آج بھی موجود ہے۔ اسے بیدی محل بھی کہتے ہیں۔

سکھوں کی روحانی شخصیت کھیم سنگھ بیدی نے یہ حویلی 1836 میں تعمیر کروائی تھی۔ اس کا دروازہ لگ بھگ سو سال پرانا ہے جس کی بناوٹ اس دور کے کاری گروں کی مہارت کا ثبوت ہے۔

اندرونی دیواروں پر مصوروں نے مردوں اور عورتوں کی تصاویر اور چھت پر نقش و نگار بنائے ہیں جو حویلی کے مالک کے جمالیاتی ذوق کی علامت ہیں۔ اس قلعے میں گُل کاری اور نقاشی کا کام بھی نظر آتا ہے جو اس کے حسن میں اضافہ کرتا ہے۔

اس چار منزلہ حویلی میں 45 کمرے بنائے گئے تھے۔ مختلف جھروکے، دریچے، طاقچے اور لکڑی کے منقش دروازے اس حویلی کی شان اور دل کشی بڑھاتے تھے، جو اب بوسیدہ اور خستہ حال ہیں۔

Comments

- Advertisement -