پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے کو کھولنے سے پہلے ایس او پیز پر آگاہی مہم چلائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کرونا کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا،کور کمانڈ رپشاور،چیف سیکریٹری، آئی جی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کرونا اور اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت مختلف شعبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمدکی صورت حال کاجائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجلاس کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ان کو بندکر دیا جائےگا۔
محمود خان نے ٹیچنگ اسپتالوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وسائل فراہم کرنے اور کرونا مریضوں کے لیے تمام ٹیچنگ اسپتالوں کو یکساں پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے دوران سیاحت سے متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے سے پہلے ایس او پیز پر آگاہی مہم چلائی جائے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق فیصلہ دوسرے صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔