منچن آباد: پنجاب کے ضلع بہاول نگر کے شہر منچن آباد میں 9 سال کی بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منچن آباد کے علاقے گھمنڈ پور میں 45 سالہ بھکاری نے 9 سالہ بچی کو اغوا کرنے کے بعد اس کے ساتھ زیادتی کی تھی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
گھمنڈ پور پولیس کا کہنا ہے کہ بہاولنگر کے رہایشی ملزم مشتاق ڈھڈی نے اعتراف جرم کر لیا ہے، میڈیکل رپورٹ میں بھی بچی کے ساتھ زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مشتاق ڈھڈی پیشہ ور گداگر ہے اور بھیک مانگنے کے لیے مختلف شہروں کا رخ کرتا رہتا ہے، ملزم نے گھمنڈ پور کے رہایشی محنت کش بارش علی سے راہ و رسم نکالی، اور وقتاً فوقتاً مالی امداد کر کے اپنا اعتماد بنایا۔
تازہ ترین: باپ کی اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کی کوشش، 2 افراد جاں بحق
مشتاق ڈھڈی 3 نومبر کو بارش علی کی دوسری جماعت کی طالبہ 9 سالہ بیٹی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھیوں کی مدد سے اغوا کر کے فیصل آباد لے آیا۔ اس کے بعد بھکاری بچی کو اپنے گینگ کے ہمراہ لے کر مختلف شہروں میں پھرتا رہا اور بچی کو زیادتی کا نشانہ بھی بناتا رہا۔
گھمنڈ پور پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں 5 نومبر کو ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور کال ڈیٹا کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا جانے لگا، بار بار جگہیں تبدیل کرنے کے باعث پولیس ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہوتی رہی تاہم آخر کار ملزم کو لالہ موسیٰ کے ایک ویران علاقے سے گرفتار کرنے میں کا میاب ہو گئی۔
چھاپے کے دوران ملزم کی جھونپڑی سے بچی کو بھی بازیاب کرا لیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش بچی کو اغوا اور زیادتی کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس کا ارادہ تھا کہ وہ بچی کو ہمیشہ اپنے پاس رکھے گا اور بھیک منگوائے گا۔