لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی رسم قل آج جاتی امرا میں ہوگی، انتظامات مکمل کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رسم قل آج ادا کی جائے گی جس کے لیے وہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
رسم قل میں خاندان کے افراد اور سینئرپارٹی رہنما شرکت کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری آج جاتی امرا جائیں گے جہاں وہ کلثوم نواز کے انتقال پرنوازشریف اور دیگر سے تعزیت کریں گے۔
بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کردیا گیا
یاد رہے کہ دو روز قبل جاتی امرا میں سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکو میاں شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا تھا۔ تدفین کے بعد مولانا طارق جمیل نے دعا کرائی تھی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی اور داماد کیپٹن صفدر ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور تینوں کو کلثوم نواز کے انتقال کے باعث پیرول پررہا کہا گیا ہے۔
واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنےکے بعد انتقال کرگئیں ، وہ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔