ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بلاول اور زرداری کی نوازشریف سے ملاقات، بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جاتی امرا پہنچ کر نوازشریف سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات کی جانب سے تعزیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو جاتی امرا پہنچے جہاں انہوں نے نوازشریف اور خاندان کے دیگر افراد سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔ ملاقات میں پی پی قیادت اور وفد نے سابق خاتون اول کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلا شبہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں، جمہوریت اور ملک کے لیے جو بھی جد و جہد کرے اُسے یاد رکھا جاتا ہے، سابق خاتون اول کا انتقال شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اور ن لیگ کےدکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید پڑھیں: بیگم کلثوم نوازکی رسم قل کی تیاریاں مکمل

اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ تکلیف اس بات کی ہےکہ آخری وقت بیمار بیوی کےساتھ نہ گزارسکا، پیپلز پارٹی کی قیادت کاشکر گزار ہوں کہ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ہماراساتھ دیا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کاوفدنماز جنازہ میں بھی شریک ہوا، آج بھی قیادت کے آنے پر اُن کا شکر گزار ہوں۔

نوازشریف سے کچھ دیر کی ملاقات کے بعد آصف زرداری اور بلاول کی قیادت میں آنے والا وفد واپس روانہ ہوگیا۔

قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں مسلم لیگ ق کا وفد جاتی امرا پہنچا اور نوازشریف سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہےکہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر وفاقی حکومت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار میاں نواز شریف، مریم اور صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کیا تھا بعد ازاں  اُن کی مدتِ رہائی میں 4 روز  کی توسیع کی گئی تھی جو کل ختم ہوجائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں