سینیٹر بہرہ مند تنگی کے سوشل میڈیا پر پابندی کے مطالبے پر بختاور بھٹو کا ردعمل سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے ٹوئٹ کیا کہ سینیٹر بہرہ مند تنگی کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، میڈیا نے بغیر تحقیق ان کی وابستگی پیپلزپارٹی سے منسلک کی ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے سوشل میڈیا پر مستقل بنیادوں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ بہرہ مند تنگی نے پارٹی پالیسی کے برعکس سینیٹ میں عام انتخابات کی تاخیر کی قرارداد کی حمایت بھی کی تھی جس پر ایک ماہ قبل ان کی بنیادی ممبر شپ ختم کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بہرہ مند تنگی کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوب، ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت تمام سوشل میڈیا بند کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل محفوظ رہ سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر پہلے ہی غیر اعلانیہ پابندی عائد ہے جو 18 روز سے ہے۔بہرہ مند تنگی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمملک میں نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ان پلیٹ فارمز کو ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے زبان اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں نفرت پیدا ہو رہی ہے۔