شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار بہروز سبزواری نے مرحوم اداکار قوی خان سے متعلق یادگار واقعہ سنا دیا۔
سینئر اداکار بہروز سبزواری نے حال ہی میں اداکارہ اشنا شاہ کے شو میں شرکت کی جہاں ان سے کہا گیا کہ قوی صاحب سے متعلق کوئی اچھی بات شیئر کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے عوام بھی سیکھیں گے۔
بہروز سبزواری نے بتایا کہ قومی صاحب نے بطور پروڈیوسر 12 فلمیں بنائیں اور 10 ریلیز ہی نہیں ہوئیں بس 2 فلمیں چلیں، آخری فلم بھی ناکام ثابت ہوئیں وہ اداکاروں کو پیسے بھی نہیں دے سکے۔
اداکار نے بتایا کہ 15 سے 20 سال کے بعد ان کے پاس پیسے آئے اور انہوں نے سب کی رقم ادا کی۔
سینئر اداکار قوی خان کا شمار پی ٹی وی کے چند اولین فنکاروں میں ہوتا ہے، قوی خان کو فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، ستارہ امتاز، نشان امتیاز سمیت متعدد ایوارڈز بھی دیئے گئے۔
ملک کے معروف اداکار محمد قوی خان 15 نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ریڈیو پاکستان سے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کا آغاز کیا۔
قوی خان نے 1964 میں پی ٹی وی سے باقاعدہ اداکاری شروع کی اور بیشتر ڈراموں میں منفرد ور لازوال کردار ادا کئے، ’اندھیرا اجالا‘ ڈرامے میں پولیس افسر کے کردار نے ان کی شہرت کو چار چاند لگادیئے۔
1965 میں قوی خان نے فلمی کیریئر شروع کیا، اپنے طویل کیریئر کے دوران محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان سمیت دو سو سے زائد فلموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔
پاکستان شوبز انڈسٹری میں منفرد مقام رکھنے والے قوی خان 5 مارچ 2023 کو فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے۔