اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

بیلا روس کے صدر آئندہ ہفتے پاکستان کا اہم دورہ کریں گے

اشتہار

حیرت انگیز

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر آئندہ ہفتے پاکستان کے اہم دورے پر آ رہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کو سفارتی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیر اعظم شہباز شریف کے دعوت پر آئندہ ہفتے 25 نومبر کو دو روزہ دورے پر پاکستان آ رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران کئی اہم باہمی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیلا روسی صدر کے ہمراہ ایک اہم وفد بھی پاکستان پہنچ رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان بیلا روس روڈ میپ 27-2025 پر دستخط ہوں گے۔

- Advertisement -

اس کے علاوہ زراعت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت اور ادویہ سازی کے شعبوں میں مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط ہوں گے جب کہ زرعی مشینری اور ٹریکٹر کی تیاری کی صنعت میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

صدر بیلاروس الیگزینڈر لوکاشینکو اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ ان کی پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال اور خطے و عالمی صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بیلا روس کے وزیر توانائی الیکسی کشنارینکو نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جب کہ ستمبر میں پاک بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کا 7واں اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں