کراچی: کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا کہ انشا اللہ کراچی کا امن عارضی ثابت نہیں ہوگا، دھرتی کے سپوت کراچی میں پائیدارامن کے لئے متحرک اور کامیاب کاروائیاں کر رہے ہیں۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کی صدر فیڈریشن آف پاکستان چمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر کور کمانڈرکراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں مکمل امن تک آپریشن جاری رہے گا.
قیام امن کے لئے سیکیورٹی ادارے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے، سیکیورٹی ادارے کی کامیاب کاروائیوں کی بدولت شہر قائد کے حالات بدل رہےہیں،اب کراچی کی کھوئی ہوئی رونقیں واپس آنا شروع ہوگئی ہیں، ہمارا عزم ہے کہ کراچی کو امن کا گہوارہ بناکر دم لیں گے ، انشا اللہ کراچی کا امن عارضی ثابت نہیں ہوگا.
صدر ایف پی سی سی آئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بحالی امن کے بعد معاشی سرگرمیوں میںاضافہ ہوا ہے، جس کا سہرا سیکیورٹی اداروں کے سرجاتا ہے.
کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا کہ دھرتی کے سپوت کراچی میں پائیدارامن کے لئے متحرک اور کامیاب کاروائیاں کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے چارج سنبھالتے ہی رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ کراچی کے امن کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق کورکمانڈر کراچی اور موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کراچی آپریشن میں حصہ لینے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف رینجرز کا کردارریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، غیر یقینی حالات جرائم پیشہ عناصر کو تقویت دیتے ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ کراچی شہر میں رینجرز کو دیئے گئےخصوصی اختیارات کے بعد ہی امن بحال ہوا، رینجرز عوام کو دہشت گردی کے خلاف تحفظ پہنچانے میں اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی.