موسم سرما میں نزلہ زکام کھانسی وغیرہ تو عام سی بات ہے تاہم قوت مدافعت مضبوط ہو تو انسان بڑی سے بڑی بیماریوں پر بھی قابو پالیتا ہے۔
اس حوالے سے حکماء کا کہنا ہے کہ لہسن کا استعمال مدافعتی نظام میں بہتری لاتا ہے، لہسن خون کو پتلا کرتا ہے اور بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر آپ جِلدی بیماری میں گھرے ہوئے ہیں تو غذا میں لہسن کا استعمال بڑھا دیں، اس عمل سے جسم میں موجود زہریلے مادے خارج ہو جائیں گے اور جِلد تر وتازہ رہے گی۔
اس کے علاوہ لہسن کے جَوؤں کو چھیل کر باریک پیس لیں اور ان کو زیتون کے تیل میں بھگو دیں، اس مرکب کو ایک چمچ روز کھا لیا کریں اس کے بے شمار طبی فائدے ہیں۔
لہسن قوت مدافعت بڑھانے والی خصوصیات کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے، اس میں ایلیسن جیسے مرکبات ہوتے ہیں جن میں اینٹی مائکروبیل اور اینٹی وائرل اثرات ہوتے ہیں۔ یہ سردیوں میں خاص طور پر جب نزلہ زکام اور فلو کا خطرہ زیادہ ہو، فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
لہسن اور زیتون کا تیل دونوں ہی دل کے لیے صحت مند غذائیں ہیں، لہسن بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے جب کہ زیتون کے تیل میں مونو سیچوریٹڈ چکنائی زیادہ ہوتی ہے جو دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
دانت کے درد سے نجات
دانت کے درد سے فوری آرام کیلئے لہسن سے مدد لے سکتے ہیں، لہسن سُن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تو بس آپ کو لہسن کو متاثرہ دانت پر رگڑنے کی ضرورت ہے، جس سے درد میں کافی حد تک کمی آتی ہے اور ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے وقت مل جاتا ہے۔
بالوں کو اگائیں
لہسن آپ کے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو ختم کرسکتا ہے جس کی وجہ اس میں شامل ایک جز الیسین کی بھرپور مقدار ہے، یہ سلفر کمپاﺅنڈ پیاز میں بھی پایا جاتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق بالوں کے گرنے کی روک تھام کے لیے موثر ہے۔ لہسن کو کاٹ لیں اور اس کی پوتھیوں کو سر پر ملیں۔ آپ تیل میں بھی لہسن کو شامل کرکے مساج کے ذریعے یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔
بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار
اگر آپ ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں تو لہسن کو اپنی غذا کا حصہ بنالیں، یہ شریانوں کو کشادہ کرنے کے ساتھ تناﺅکو کم کرتا ہے، ہائی بلڈ پریشر کے ساتھ سردرد کی شکایت رہنے کے ساتھ ساتھ یہ دل پر بوجھ بڑھاتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ لہسن کے 4 جَوے روزانہ کھانا بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاتا ہے جبکہ لہسن کھانے سے صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی آتی ہے، جس کے نتیجے میں امراض قلب یا فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
مچھروں کو دور بھگائیں
سائنسدان پریقین تو نہیں ایسا کیوں ہوتا ہے مگر ایسا نظر آتا ہے کہ مچھروں کو لہسن پسند نہیں۔ ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ لہسن کے پیسٹ کو اپنے ہاتھوں اور پیروں پر مل لیتے ہیں انہیں مچھروں کا ڈر نہیں رہتا۔ اس کے لیے آپ لہسن کے تیل، پیٹرولیم جیل اور موم کو ملا کر ایک سلوشن بنالیں جو مچھروں سے تحفظ دینے والا قدرتی نسخہ ثابت ہوگا۔
ہونٹوں پر زخم سے نجات
شدید ٹھنڈ میں ہونٹوں کا پھٹ جانا یا زخم ہوجاتا کافی عام ہوتا ہے تو اس کے علاج کے لیے پیسے ہوئے لہسن کو کچھ دیر تک متاثرہ جگہ پر لگائے رکھیں۔ اس میں شامل قدرتی سوجن کش خصوصیات درد اور سوجن کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
پودوں کو تحفظ فراہم کرے
باغات میں پائے جانے والے کیڑے لہسن کو پسند نہیں کرتے تو اس کی مدد سے ایک قدرتی پیسٹی سائیڈ تیار کرلیاں جس کے لیے لہسن، منرل آئل، پانی اور لیکوئیڈ صابن کو ایک اسپرے بوتل میں آپس میں ملالیں اور پودوں پر چھڑک دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔