رواں سیزن کا پھل آلو بخارا اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، اور بے شمار جسمانی فائدے پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں حکیم شاہ نذیر نے شرکت کی اور انہوں نے آلو بخارے کے فوائد بتائے۔
حکیم نذیر کا کہنا تھا کہ آلو بخارا سرد مزاج کا حامل پھل ہے، اور ٹھنڈے پہاڑی علاقوں میں پیدا ہوتا ہے۔ اس کا استعمال ہارٹ اٹیک، فالج اور غشی کا خطرہ کم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے لہٰذا بالوں کی نشونما اور جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین ہے جبکہ یہ اینٹی ڈپریسنٹ بھی ہے اور جسم میں خون کی کمی بھی دور کرتا ہے۔
حکیم نذیر کے مطابق آلو بخارا معدے اور نظام ہاضمہ کو درست رکھتا ہے جبکہ یہ یرقان، ہیپاٹائٹس اور پیٹ کے کیڑوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خشک آلو بخارے کے 4 دانے ایک گلاس پانی میں بھگو دیں اور اس میں ایک چمچ سونف شامل دیں۔ حاملہ خواتین حمل کے دوران متلی اور کمزوری کی صورت میں اسے چھان کر نہار منہ کر پی لیں۔
علاوہ ازیں اس کے پتے ناریل کے تیل میں ایک گھنٹہ دھوپ میں رکھیں، اس کے بعد اس تیل کو بالوں میں لگائیں بالوں کے متعدد مسائل جیسے خشکی، بال جھڑکنا، بے رونقی وغیرہ کا خاتمہ ہوگا اور بال لمبے اور گھنے ہوں گے۔