اچھّی صحّت اور جسمانی توانائی برقرار رکھنے کے لیے قدرتی غذاؤں سے بہتر کیا ہوسکتا ہے جس میں مختلف سبزیاں اور پھل بھی شامل ہیں۔ قدرت کی ان نعمتوں میں شکر قندی بھی شامل ہے اور ہر موسم کی سبزی اور پھل کی طرح شکر قندی سردیوں میں اپنی بہار دکھاتی ہے۔
اس کا ذائقہ میٹھا ہوتا ہے اور اسی وجہ سے انگریزی میں اسے Sweet Potato کہا جاتا ہے۔ کم قیمت اور صحت کے لیے مفید ہونے کی وجہ سے شکرقندی اس موسم میں سب ہی کی پسندیدہ ہوتی ہے۔
شکر قندی کو فائبر ، وٹامنز اور منرلز کا اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایک کپ (200گرام) پکی ہوئی اور بغیر چھلکا اتری شکر قندی میں 180کیلوریز، 41.4گرام کاربوہائیڈریٹس، 4گرام پروٹین، 6.6 گرام فائبر، 0.3گرام فیٹ، روزانہ کی مقدار کا 769فیصد وٹامن اے، 629فیصد وٹامن بی، 65فیصد وٹامن سی، 50فیصدمیگنیز، 27فیصد پوٹاشیم، 18فیصدپینٹوتھینِک ایسڈ اور 16فیصد کاپر پایا جاتا ہے۔
فوائد
شکرقند جسم کو موٹا کرتی ہے اور دماغ کو طاقت دیتی ہے جبکہ قوت باہ بھی مضبوط کرتی ہے بشرطیکہ چینی ملاکر کھائی جائے۔
یہ ایسی جڑ ہے جو جریان کےلیے بے حد فائدہ مند ہے اور اس کاحلوہ بناکر کھانا اکسیر کا درجہ رکھتا ہے جبکہ یہ کپکپی اور دانت بجنے سے بھی آرام دیتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شکرقندی کینسر سے لڑنے میں معاون ثابت ہوتی ہے، اینتھوسیانن، اینٹی آکسیڈنٹس کا وہ گروپ ہے جو جامنی رنگ کی شکر قندی میں پایا جاتا ہے۔
اس گروپ کو ایک مطالعے کے ذریعے کچھ مخصوص طرح کے کینسر (مثلاًآنتوں کا کینسر ، چھاتی کا کینسر اور مثانے کا کینسر) کے خلیوں کی نشوونما کم کرنے کے حوالے سے استعمال کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق شکر قندی دماغی افعال کی کارکردگی بہتر بنانے میں خاصی اہمیت کی حامل ہے، اس میں موجود اینتھوسیانن دماغی سوزش کو ختم کرتا ہے اور اسے فری ریڈیکلز سے پہنچنے والے نقصانات سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
طبی ماہرین نے تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ شکرقندی ذیابطیس کے مریضوں بہت مفید ہے کیوں کہ اس کا استعمال انسولین کے خلاف مزاحمت کے علاوہ جسم میں شوگر کی سطح کو کم کرنے کا باعث بنتا ہے۔
شکر قندی وٹامن اے سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ ایک اہم اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جس کے استعمال کی وجہ سے پھیپھڑوں کی بیماری ایمفیسیما سے بچا جا سکتا ہے اور پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بھی 33 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
شکرقندی کا ایک اور اہم فائدہ آنتوں کی صحت بہتر بنانا ہے، شکرقندی کا استعمال روزانہ 20 سے 33گرام فائبر کا استعمال آنتوں کے کینسر کا خطرہ کم کردیتا ہے اور شکرقندی میں دو قسم کے فائبر موجود ہوتے ہیں۔