بھارت کے شہر بنگلورو میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، لڑکی نے اپارٹمنٹ کی 20 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعہ بنگلورو میں کدوگوڈی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا جہاں 15 سالہ لڑکی نے اپارٹمنٹ کی 20 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر موت کو گلے لگالیا۔
رپورٹس کے مطابق لڑکی کی شناخت اونتیکا چورسیا کے نام سے ہوئی ہے جو دسویں جماعت کی طالبہ تھی جس نے ماں کی جانب سے موبائل فون استعمال نہ کرنے کا کہنے پر انتہائی قدم اُٹھالیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبہ ایک پرائیوٹ اسکول میں پڑھتی تھی اور حال ہی میں اس کے ایک ٹیسٹ میں کم نمبر آئے تھے جبکہ 15 فروری سے سالانہ امتحانات شروع ہونے تھے۔
لڑکی کی والدہ نے اسے موبائل فون کے بجائے پڑھائی پر زور دینے کا کہا تھا جس پر پولیس کو شبہ ہے کہ والدہ کی بات سے ناراض ہو کر لڑکی نے اپارٹمنٹ کی 20 ویں منزل سے چھلانگ لگائی ہے۔
اس سے قبل مدھیہ پردیش میں پیش آنے والے ایک واقعے میں 2 طالبات نے چلتی بس سے چھلانگ لگا دی۔
دونوں طالبات نویں جماعت میں زیرِ تعلیم ہیں، انہوں نے بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی مشکوک حرکات کے باعث چلتی بس سے چھلانگ لگانے میں بھی اپنی عافیت جانی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں طالبات نے خود کو بس میں غیر محفوظ سمجھا، دیگر مسافر انہیں گھور رہے تھے جبکہ کنڈیکٹر نے ان پر جملے بھی کسے تھے۔حادثے میں دونوں طالبات کو چوٹیں بھی آئی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وکیل نے دو خواتین کو قتل کرکے گھر میں دفنا دیا
بھارتی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شکایت پر ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت دیگر 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔