لاہور : وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہا ہے کہ ریاست کے اندر کسی قسم کے کارٹیل بنائے جانے کی اجازت نہیں دیں گے اور تحقیقاتی اداروں کی استعداد کار اور ریفارمز پر بھی حکومت کی نظر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کمیشن رپورٹ کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو اسکینڈل میں ملزمان کے خلاف کارروائی پر مبارکباد دیتا ہوں، ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے کمیشن رپورٹ پبلک کی۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر 29 ارب سبسڈی کا معاملہ نیب کو بھیجا جارہا ہے اور 20 سے 25 سال میں دی گئی سبسڈیز کا معاملہ نیب کو بھیجا جائے گا جس میں پی ٹی آئی کے ایک سالہ دور حکومت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خود احتسابی کی بہتر مثال گزشتہ کسی دور میں نظر نہیں آتی۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ سیل، انکم ٹیکس فراڈ، بے نامی ٹرانزیکشنز کا معاملہ ایف بی آر کے سپرد ہے، جعلی ایکسپورٹس سے سبسڈی لینے کی اسٹیٹ بینک تفتیش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے 90 دن میں اپنی تحقیقات اور کارروائیاں کریں گے، ریاست کے اندر کسی قسم کے کارٹیل بنائے جانے کی اجازت نہیں دیں گے اور تحقیقاتی اداروں کی استعداد کار اور ریفارمز پر بھی حکومت کی نظر ہے۔