کراچی : پولیس نے ایک کروڑ روپے کی چھالیہ اسمگل کرنے والے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا، اغواء برائے تاوان کے دو مفرور ملزمان پولیس کے ہتھے چڑھ گئے، فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کھارادر پولیس نے خفیہ اطلاع پرفوری کارروائی کرتے ہوئے چھالیہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
اس حوالے سے ایس پی سٹی نے میڈیا کو بتایا کہ کارروائی کے دوران16 ہزار کلو سے زائد اسمگل شدہ چھالیہ ضبط کر کے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق پکڑی گئی چھالیہ کی مالیت ایک کروڑ روپے ہے، ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والی چھالیہ مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے اغوا برائےتاوان کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا، ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق گرفتار ملزمان اغوا برائے تاوان کے کیس میں مفرور تھے، ملزمان میں عبدالرسول اور مجاہد خان شامل ہیں۔
علاوہ ازیں شاہ لطیف ٹاؤن میں فائرنگ سے پولیس اہلکار کی موت کا واقعہ پیش آیا ہے، اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ زخمی اہلکار کو اہل علاقہ نجی گاڑی میں تھانے لے کر آئے۔
جس کے بعد ایمبولینس کے ذریعے زخمی اہلکار کو فوری طور پراسپتال منتقل کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اسپتال لے جاتے ہوئے پولیس اہلکار اشرف راستے میں دم توڑ گیا۔