سیالکوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے نام پر شہریوں سے فراڈ میں ملوث گینگ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے نام پر شہریوں سے فراڈ میں ملوث گینگ کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم عدنان عطاری نے سادہ لوح افراد سے عمرہ کے نام پر 63 کروڑ اینٹھے۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ سال ایف آئی نےعمرہ اسکینڈل میں 8 ہزار پاسپورٹ برآمد کیے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم عدنان عطاری گزشتہ سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔
اسلام آباد: 80 عمرہ زائرین کے ساتھ فراڈ ہوگیا
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ کے لیے جانے والے 80 افراد کے ساتھ فراڈ ہوگیا تھا، ٹریول ایجنٹ نے پیسے لے کر ٹکٹیں جاری کیں لیکن سسٹم میں اندراج نہ کیا، پی آئی اے کا خالی جہاز سعودیہ روانہ ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان سے پچھلے سال تقریباََ 15 لاکھ سے زائد لوگ عمرے کے لیے سعودی عرب گئے مگر ان میں سے بڑی تعداد نے ٹریول کمپنیوں کی طرف سے فراڈ اور طے شدہ سے کم سہولیات کی شکایت کی تھی۔