کیا آپ جانتے ہیں بڑے بڑے بوتیکس اور شاپنگ مالز میں موجود ٹرائل روم، ہوٹلز کے باتھ روم وغیرہ بعض اوقات جرائم کا گڑھ نکل آتے ہیں اور اسے استعمال کرنے والی خواتین سخت پریشانی و ذہنی اذیت کا شکار ہوجاتی ہیں۔
ان ٹرائل رومز یا باتھ رومز میں اکثر اوقات مذموم مقاصد کے لیے خفیہ ویڈیو کیمرے نصب کیے جاتے ہیں۔ ٹرائل روم استعمال کرنے والی خواتین کی ویڈیو بنا کر یا تو انہیں انٹرنیٹ پر ڈال دیا جاتا ہے یا پھر انہیں بلیک میل کر کے ان سے پیسہ اینٹھا جاتا ہے۔
اس مشکل سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو علم ہو کہ جب بھی آپ ٹرائل روم استعمال کریں تو وہاں کیا ضروری اقدامات اپنائیں۔
گو کہ بڑے برانڈز اس قسم کی حرکات نہیں کرتے کیونکہ اس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن جابجا کھلے گمنام بوتیکس پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا، اور اگلی بار آپ جب بھی کوئی ٹرائل روم استعمال کریں تو مندرجہ ذیل طریقے اپنا کر جانیں کہ کیا وہ محفوظ جگہ ہے یا نہیں۔
موبائل کا استعمال
ٹرائل روم میں اپنا موبائل لے کر جائیں اور وہاں پہنچ کر کسی کو کال ملائیں۔ اگر آپ کے موبائل کے سگنل آرہے ہیں اور کال جارہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ محفوظ جگہ ہے۔
کیمرے نصب ہونے کی صورت میں آپ کے موبائل کے سگنلز غائب ہوجائیں گے اور آپ کال یا میسج نہیں کر سکیں گی۔
آئینے کو چیک کریں
ٹرائل روم میں لگا ہوا آئینہ بعض اوقات دو طرفہ ہوسکتا ہے اور دوسری جانب بیٹھا شخص بآسانی آپ کو دیکھ سکتا ہے۔ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے انگلی کو آئینے سے ٹکرایں۔
اگر آئینہ یک طرفہ ہوگا تو آپ کی انگلی اور اس کے عکس میں کچھ فاصلہ ہوگا۔ لیکن اگر آئینے کے عکس اور آپ کی انگلی میں کوئی فاصلہ نہیں تو اس کا مطلب ہے کہ یہ آئینہ دو طرفہ ہے اور دوسری طرف لازماً کوئی شخص موجود ہوگا۔
ٹارچ کا استعمال
ایک اور تکنیک لائٹس بند کرنے کی ہے۔ ٹرائل روم میں داخل ہوکر لائٹس بند کردیں۔ اب اپنے موبائل کی ٹارچ جلا کر آئینے پر ڈالیں۔ اس سے دوسری طرف موجود شخص یا کیمرے کی روشنی واضح ہو کر نظر آجائے گی۔
آئینے کو قریب سے دیکھیں
ایک اور طریقہ آئینے کو قریب سے دیکھنے کا بھی ہے۔ اپنے چہرے کو آئینے کے بالکل قریب لے جا کر ہاتھوں سے چہرے کو ڈھانپ لیں۔ اس طرح آپ کو دوسری طرف جاری سرگرمی باآسانی نظر آجائے گی۔
اگر آپ کو کچھ نظر نہ آئے تو جان جایئے کہ سب ٹھیک ہے۔
اگر ان میں سے کوئی بھی تکنیک ناکام ہوجائے اور آپ کو وہاں کسی خفیہ کیمرے یا خفیہ طور پر چھپے شخص کی موجودگی معلوم ہوجائے تو ایسے ٹرائل روم سے فوراً باہر نکل آئیں، شور مچا کر وہاں موجود دیگر افراد کو بھی اس سے آگاہ کریں، اور متعلقہ حکام کو رپورٹ کریں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔