اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’بھرم‘ کی پہلی قسط 27 نومبر کو رات 9 بجے نشر کی جائے گی۔
بھرم ڈرامے میں عمر شہزاد، حنا طارق اور رابعہ کلثوم مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جبکہ دیگر کرداروں میں سلمیٰ حسن، محمد احمد، بابر علی، زینب رضا، ارجمند رحیم، احسن افضل خان، زرفشاں عامر ودیگر شامل ہیں۔
اس کی ہدایت کاری کے فرائض نوید علی خان نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی میمونہ عزیز نے لکھی ہے۔
’راز کھل جاتے ہیں، جھوٹ پرکھا جاتا ہے اور نجات کا راستہ مل جاتا ہے، یہ محبت، نقصان اور طاقت کی کہانی ہے جو ہر موڑ پر آپ کو پسند آئے گی۔
بھرم میں بابر علی کو کامیاب بزنس مین دکھایا گیا ہے جبکہ عمر شہزاد ’سالار پاشا‘ کے کردار میں موجود ہیں۔
رابعہ کلثوم بھرم میں ’رمشا‘ کے منفی کردار میں موجود ہیں جو سالار سے محبت کا اظہار کرتی ہیں لیکن وہ ان کی محبت کو ٹھکرا دیتے ہیں۔
جس کے بعد رمشا، سجل کو سالار کی نظروں سے گرانے کے لیے چالیں چلنے لگتی ہیں۔
واضح رہے کہ عمر شہزاد اس وقت ڈرامہ سیریل ’تیرے جانے کے بعد‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں جبکہ ’بھرم‘ اس کے اختتام کے بعد نشر ہوگا۔
رابعہ کلثوم بھی اس سے قبل ڈرامہ سیریل’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، اداکارہ نے وہاج علی کی بہن کا کردار نبھایا تھا جبکہ مرکزی کردار میں ہانیہ عامر، زاویار نعمان ودیگر شامل تھے۔