اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کے سفارت کار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا اور انہیں اہل خانہ سمیت 29 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے پاکستان کی جانب سے بھارتی سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے خاندان سمیت ملک چھوڑنے کے فیصلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس سے پہلے بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو حراست میں لے کر چھوڑ دیا گیا تھا۔ بھارت نے پاکستانی اہلکار محمود اختر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
بھارتی سفارت کار کو 29 اکتوبر تک ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق بھارتی سفارت کار کی سرگرمیاں ویانا کنونشن کے خلاف ہیں۔
سیکریٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر سے بھارتی سفارتی اہلکار کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ کچھ دیر قبل بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر محمود اختر کو ناپسندیدہ اور جاسوس قرار دے کر۔بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔