اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

شہادت کو 40 سال بیت گئے، بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں: بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت کو 40 سال بیت گئے لیکن بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کو 40 ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے بعد ملکی تعمیر کے عمل میں قائدِ عوام کا کردار بے مثال ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ قائد اعظم نے تاریخ کا رخ موڑ کر ایک نئی قوم کو جنم دیا، قائد عوام کی فکر اور سیاست نے عوامی شعور کا انقلاب برپا کیا، بھٹو پر ظلم و جبر کے خلاف عوامی غم و غصہ آج بھی ایسا ہی ہے جیسے پہلے دن تھا۔

[bs-quote quote=”آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قائد عوام کا خونِ نا حق آج بھی انصاف کا طالب ہے، آصف زرداری کا بھیجا گیا صدارتی ریفرنس تا حال افسوس ناک سست روی کا شکار ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”بلاول بھٹو زرداری”][/bs-quote]

بلاول نے کہا کہ بھٹو ازم کے بعد اب رجعت پرست و شاؤنسٹ قوتیں اپنی مرضی کے نقاب نہیں لگا سکتیں، اب جمہور دشمن قوتوں کو عوام کے ہاتھوں بار بار سیاسی مار کھانی پڑتی ہے، قائد عوام کی خدمات محب وطن پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد عوام بنیادی طور اجتماعی عمل و ترقی میں یقین رکھنے والی شخصیت تھے، اسلامی سربراہی کانفرنس اور پاک چین دوستی کے پیچھے ان کی شخصیت کا یہی پہلو محرک تھا، اسلامی سربراہی کانفرنس کی صورت میں پاکستان کو امت کی قیادت کا شرف حاصل ہوا جب کہ پاک چین دوستی کی صورت میں دو عظیم اقوام دو جسم یک جان بن گئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھٹو نے آزادی کے ثمرات ملک کے محنت کش اور پس ماندہ طبقات تک پہنچائے، بھٹو حکومت نے لاکھوں بے گھر افراد کو سائبان، بے زمین کسانوں کو زمین دی، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک کی پہلی منتخب حکومت میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملا، کراچی کا ہوائی اڈہ بھٹو دور حکومت میں ایشیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قائد عوام کا خونِ نا حق آج بھی انصاف کا طالب ہے، آصف زرداری کا بھیجا گیا صدارتی ریفرنس تا حال افسوس ناک سست روی کا شکار ہے، بارہا یاد دہانی، گزارشات کے باوجود انصاف ہونے کی امید دم توڑ رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئین و قانون کی عدم پاس داری ملک کے تمام بڑے مسائل کی ماں ہے، آج ہر پاکستانی کو پارلیمانی بالا دستی، دستور و قانون کی پاس داری کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں