واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ سے متعلق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی پالیسی کو غلط قرار دے دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی زبان کے نیٹ ورک ’یونی ویژن‘ کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو غزہ میں جنگ بندی نہ کرکے ایک بہت بڑی غلطی کررہے ہیں۔
انہوں نے فوری جنگ بندی پر زور دیا تاکہ لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں تک امدادی سامان اور ادویات پہنچائی جاسکیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ نیتن یاہو غزہ میں جو پالیسی اپنا رہے ہیں میں اس سے متفق نہیں، وہ جو کچھ کررہے ہیں ٹھیک نہیں اور اس کے نتائج کسی کے لیے بھی اچھے نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی حملے میں 7 امدادی کارکنوں کی ہلاکت کو خوفناک واقعہ قرار دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ہم سب کو اس وقت اسرائیل سے صرف اور صرف ایک مطالبہ کرنا چاہیے اور وہ ہے فوری جنگ بندی تاکہ اور اگلے 6 سے 8 ہفتوں میں تمام خوراک اور ادویات کی فلسطینیوں کو تقسیم کی جا سکیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنے اتحادیوں بشمول امریکا، کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے رفح پر بڑی فوجی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے جہاں 20 لاکھ فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔